اسٹینلی،19اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فلپائن نے آج دو باغی کمیونسٹ رہنماؤں کو جیل سے رہا کر دیا۔ ان رہنماؤں کو رہائی کے بعد اجازت دی گئی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ ناروے کی ثالثی میں ہونے والے امن مذاکرات میں شریک ہو سکتے ہیں۔ یہ مذاکرات ناروے ہی میں ہوں گے۔ رہائی پانے والوں میں کمیونسٹ پارٹی آف فلپائن کے باغی گروپ کے چیئرمین بینیٹو ٹیامزن اور اُن کی بیوی وِلما شامل ہیں۔ ٹیامزن کو مارچ سن 2014 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خاتون لیڈر وِلما فلپائن میں کمیونسٹ پارٹی کی حکومت مخالف تحریک چلانے والے گروپ کی سیکرٹری جنرل قرار دی جاتی ہیں۔ منیلا حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کے درمیان مذاکراتی عمل سن 2012 سے معطل ہے۔ یہ پارٹی سن 1960سے اپنی مسلح تحریک جاری رکھے ہوئے ہے۔